وزیرآباد: بھاری چالانوں سے تنگ ڈرائیور نے رکشہ کو آگ لگا دی

وزیرآباد بھاری چالانوں سے تنگ ڈرائیور نے رکشہ کو آگ لگا دی 0

وزیرآباد: پنجاب کے شہر وزیرآباد میں ٹریفک چالان پر دل برداشتہ ہو کر ایک رکشہ ڈرائیور نے اپنے رکشے کو آگ لگا دی۔ واقعہ اللہ والے چوک کے قریب پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ٹریفک وارڈن نے رکشہ ڈرائیور کا چالان کیا تھا جس کے بعد ڈرائیور نے غصے اور مایوسی میں آ کر رکشے کو آگ لگا دی۔ واقعے کے بعد علاقے میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پا لیا۔ رکشہ ڈرائیور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بار بار چالان کیے جانے سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا، اسی مایوسی کے عالم میں اس نے یہ قدم اٹھایا۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ رکشہ بغیر نمبر پلیٹ کے تھا اور قانون کی خلاف ورزی پر چالان کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اظہر اقبال نامی رکشہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب رکشہ ڈرائیور کے والد نے بتایا کہ ان کا بیٹا گھر کا واحد کفیل ہے اور مہنگائی کے باعث پہلے ہی مشکلات کا شکار تھا۔ ان کے مطابق بھاری جرمانوں نے اس کی پریشانی میں مزید اضافہ کیا۔ مقامی شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک جرمانوں پر نظرِ ثانی کی جائے اور غریب طبقے کے لیے آسانی پیدا کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں