نیوزی لینڈ نے تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 73 رنز سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے۔ مارک چیپمین نے 132 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 13 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے، جبکہ ڈیرل مچل نے 76 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی ابتدائی تین وکٹیں 50 رنز پر گر گئیں، ول ینگ 1، نک کیلی 15 اور ہینری نکلز 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد ڈیرل مچل اور مارک چیپمین کے درمیان 199 رنز کی پارٹنرشپ ہوئی، جس نے نیوزی لینڈ کو مضبوط اسکور بنانے میں مدد دی۔
ڈیبیو کرنے والے محمد عباس نے صرف 26 گیندوں پر 52 رنز بنائے، جس میں 3 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے عرفان خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حارث رؤف اور عاکف جاوید نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نسیم شاہ اور محمد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
345 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور عثمان خان نے کیا، لیکن اوپننگ پارٹنرشپ ٹیم کے لیے زیادہ مؤثر ثابت نہ ہوئی۔
عثمان خان 39 اور عبد اللہ شفیق 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد کپتان محمد رضوان بھی 30 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 83 گیندوں پر 78 رنز اسکور کیے، مگر ان کے آؤٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گر گئیں۔
طیب طاہر 1، عرفان خان 0، نسیم شاہ 0، حارث رؤف 1، عاکف جاوید 1 اور محمد علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی پوری ٹیم 44.1 اوورز میں 271 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور نیوزی لینڈ نے پہلا میچ 73 رنز سے جیت لیا۔
پہلے ون ڈے میں پاکستان کی جانب سے عاکف جاوید، محمد علی اور عثمان خان نے ڈیبیو کیا۔