لاہور قلندرز نے ڈیرن گف کی عدم دستیابی کے باعث جنوبی افریقا کے معروف کوچ رسل ڈومینگو کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے لیے ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
لاہور قلندرز کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ جنوبی افریقی کوچ رسل ڈومینگو کو ڈیرن گف کی جگہ ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جنہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنی دستیابی سے معذرت کر لی تھی۔
رسل ڈومینگو ایک انتہائی تجربہ کار کوچ ہیں جو اس سے قبل جنوبی افریقا اور بنگلہ دیش کی قومی کرکٹ ٹیموں کے ہیڈ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ اپنی شاندار حکمت عملی اور نوجوان کھلاڑیوں کو نکھارنے کی صلاحیت کے لیے مشہور ہیں۔
قلندرز کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ رسل ڈومینگو کی تقرری ٹیم کے ویژن سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے جو ہمیشہ سے ایک مضبوط اور مسابقتی اسکواڈ بنانے پر مرکوز رہا ہے۔
نئے ہیڈ کوچ رسل ڈومینگو نے لاہور قلندرز کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“میں لاہور قلندرز کے ساتھ 2025 کے پی ایس ایل سیزن کا حصہ بننے پر بے حد پرجوش ہوں۔ میں جلد از جلد کام شروع کرنے، کھلاڑیوں اور مینجمنٹ سے ملنے اور ایک شاندار سیزن کے لیے تیاریوں کا آغاز کرنے کا منتظر ہوں۔”
لاہور قلندرز اپنے سفر کا آغاز 11 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ایک اہم میچ سے کرے گی۔