پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے آبادی میں اضافے کے باوجود این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کو حصہ نہ ملنے پر صدر پاکستان آصف علی زرداری کو خط لکھ دیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنے خط میں نشاندہی کی کہ 2018 میں سابقہ قبائلی اضلاع کو خیبرپختونخوا میں ضم کیا گیا تھا، جس کے بعد صوبے کی آبادی میں 57 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا۔ تاہم، اب تک اس آبادی کے لیے این ایف سی ایوارڈ میں کوئی حصہ نہیں دیا گیا۔
علی امین گنڈاپور نے مزید لکھا کہ سابق فاٹا کا شیئر وفاقی حکومت کو مل رہا ہے، جو غیر آئینی ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ صوبے کے مالی وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے 10واں این ایف سی اجلاس جلد بلایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا کو اس کا آئینی حق دیا جائے تاکہ ضم شدہ اضلاع کے عوام کو درپیش مسائل حل کیے جا سکیں۔