ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے 0

ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

اتوار کے روز ملک میں شوال کا چاند نظر آیا، جس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبد الخبیر آزاد نے چاند کی رویت اور عید الفطر کے باضابطہ اعلان کی تصدیق کی۔ ان کے مطابق ملک بھر سے چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد عید الفطر کا اعلان کیا گیا۔

ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات
ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں عید الفطر کی نماز کے ہزاروں اجتماعات منعقد ہو رہے ہیں، جہاں امت مسلمہ اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جا رہی ہیں۔

عید کے موقع پر گھروں میں شیر خرمہ، کھیر، مٹھائیاں، کیک اور دیگر روایتی پکوان تیار کیے جا رہے ہیں تاکہ مہمانوں کی تواضع کی جا سکے۔

صدر اور وزیر اعظم کی قوم کو عید کی مبارکباد
صدر آصف علی زرداری نے پوری قوم اور عالم اسلام کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عید کا دن رمضان المبارک کی برکتوں، عبادات اور تقویٰ کے بعد نصیب ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید اللہ تعالیٰ کا انعام ہے، جو روزے کی مشقت پر ہمیں عطا کیا گیا ہے۔

صدر نے قوم پر بھائی چارے اور اتحاد کے فروغ پر زور دیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد آزادی کی خوشی نصیب فرمائے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی قوم کو عید الفطر کی مبارکباد دی اور اس دن کو خوشیوں اور یکجہتی کا پیغام قرار دیا۔

پاک فوج کی قوم کو عید کی مبارکباد
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عید الفطر رمضان کے اختتام پر اتحاد، ہمدردی اور شکر گزاری کی علامت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی جوان عید کی خوشی اپنے خاندانوں سے دور رہ کر قوم کے دفاع میں مصروف عمل ہیں۔ فوج کے بیان میں کہا گیا کہ یہ دن قومی ہیروز کی بہادری، عزم اور قربانیوں کو یاد کرنے کا موقع ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم اپنے سپاہیوں کی قربانیوں اور ان کے اہل خانہ کے تعاون کی قدر کرتے ہیں اور عید کا دن محبت، احترام اور یکجہتی کے فروغ کا درس دیتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں