واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ سوشل میڈیا ایپ “ٹک ٹاک” کے ساتھ ہونے والے ممکنہ معاہدے کی صورت میں چین کو درآمدی محصولات (ٹیرف) میں ریلیف دیا جا سکتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ٹک ٹاک کے درمیان معاہدہ بہت قریب ہے، اور اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو چین کے لیے تجارتی محاذ پر نرمی ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم ایک ایسے معاہدے کی طرف بڑھ رہے ہیں جو تمام فریقین کے لیے بہتر ہو سکتا ہے۔”
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹک ٹاک کو امریکا میں پابندی سے بچنے کے لیے ایک غیر چینی خریدار تلاش کرنا ہے، جس کے لیے ڈیڈ لائن بہت قریب ہے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے حال ہی میں دنیا بھر کے ممالک سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر کم از کم 10 فیصد ٹیرف عائد کیا ہے، جس کے بعد عالمی منڈی میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ مختلف ممالک نے امریکی فیصلے کو غیر منصفانہ اور عالمی تجارت کے اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔