اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بجلی کے بلوں میں شامل پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت وزارت توانائی پاور ڈویژن نے ایک جامع پلان تیار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اقدام وزیراعظم کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو غیر ضروری سرچارجز سے ریلیف دیا جا سکے۔
اس وقت ملک بھر کے 4 کروڑ 26 لاکھ گھریلو صارفین سے ہر ماہ 35 روپے کی پی ٹی وی فیس بجلی کے بلوں کے ذریعے وصول کی جاتی ہے، جبکہ صنعتی اور کمرشل صارفین سے بھی یہ فیس لی جاتی ہے۔ اس مد میں ہر ماہ تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کی خطیر رقم جمع کی جاتی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں پی ٹی وی فیس اور دیگر سرچارجز ختم کرنے سے متعلق سفارشات پیش کی جائیں گی، جن پر حتمی فیصلہ متوقع ہے۔