امام الحق کو گیند لگنے سے انجری، میدان سے باہر چلے گئے

امام الحق کو گیند لگنے سے انجری، میدان سے باہر چلے گئے 0

نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میچ کے دوران پاکستانی اوپنر امام الحق ایک ناخوشگوار حادثے کا شکار ہو گئے۔ ماؤنٹ مونگانوئی میں جاری میچ کے دوران امام الحق رننگ کرتے ہوئے فیلڈر کی تھرو کی ہوئی گیند کا نشانہ بن گئے، جو ان کے ہیلمٹ کے گرِل سے ٹکرا کر چہرے پر جا لگی۔

گیند جبڑے پر لگنے کے باعث امام الحق کو فوری طور پر میدان سے باہر لے جایا گیا اور وہ “ریٹائرڈ ہرٹ” ہو گئے۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق امام الحق کن کشن ٹیسٹ پاس نہیں کر سکے، جس کے بعد ان کی جگہ عثمان خان کو بیٹنگ کے لیے میدان میں بھیجا گیا۔

ترجمان ٹیم مینجمنٹ نے بتایا کہ امام کو گراؤنڈ میں موجود ایمرجنسی سینٹر میں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے، اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو انہیں اسپتال منتقل کیا جائے گا تاکہ مکمل معائنہ کیا جا سکے۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 42 اوورز میں 265 رنز کا ہدف دیا ہے۔ اس سیریز میں نیوزی لینڈ کو پہلے ہی دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ اس سے قبل دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف بھی ایک تھرو کے دوران ہیلمٹ پر گیند لگنے کے باعث زخمی ہو گئے تھے اور گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا تھا، ان کی جگہ نسیم شاہ نے بیٹنگ کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں