پاکستان اقوام متحدہ کے کمیشن برائے منشیات کا رکن منتخب

پاکستان اقوام متحدہ کے کمیشن برائے منشیات کا رکن منتخب 0

پاکستان کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے منشیات (Commission on Narcotic Drugs) کا رکن منتخب کر لیا گیا ہے، جہاں وہ 2026 سے 2029 تک چار سالہ مدت کے لیے عالمی سطح پر انسداد منشیات کی کوششوں میں اہم کردار ادا کرے گا۔

پاکستان کا انتخاب نیویارک میں اقوام متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل (ECOSOC) کے تحت ہونے والے انتخابات میں عمل میں آیا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے عالمی برادری کا شکریہ ادا کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کو کمیشن برائے منشیات کا رکن منتخب کیا جانا عالمی برادری کی جانب سے پاکستان پر اعتماد اور بھروسے کی علامت ہے۔ پاکستان منشیات کی پیداوار، اسمگلنگ اور استعمال کے خلاف عالمی کوششوں میں ہمیشہ سے نمایاں اور فعال کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔

پاکستانی مشن نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ انسداد منشیات کے عالمی ایجنڈے کو مزید تقویت دینے اور اس سے متعلقہ پالیسی مباحثوں میں تعمیری اور مؤثر کردار جاری رکھے گا۔

پاکستان ماضی میں بھی منشیات کے خلاف اقدامات اور بین الاقوامی شراکت داریوں کے ذریعے اپنی سنجیدہ کوششوں کے باعث عالمی سطح پر تحسین حاصل کر چکا ہے، اور اس انتخاب سے اس کا مؤقف مزید مضبوط ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں