تامل اور ملیالم فلموں کے سینئر اداکار روی کمار مینن انتقال کر گئے

تامل اور ملیالم فلموں کے سینئر اداکار روی کمار مینن انتقال کر گئے 0

بھارت کی تامل اور ملیالم فلم انڈسٹری کے معروف سینئر اداکار روی کمار مینن 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق روی کمار کافی عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور ان کا انتقال جمعہ کی صبح چنئی کے ایک نجی اسپتال میں ہوا۔

اداکار کے بیٹے نے ان کے انتقال کی تصدیق کی، جس کے بعد یہ افسوسناک خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی۔ مداحوں، ساتھی فنکاروں اور فلمی حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

روی کمار نے اپنے شاندار فنی کیریئر کا آغاز 1967 میں کیا، تاہم انہیں اصل شہرت 1976 میں ریلیز ہونے والی ملیالم فلم امّاں سے ملی، جس کی ہدایتکاری ایم کرشنن نائر نے کی تھی۔ اس فلم نے انہیں فلم انڈسٹری میں بطور باصلاحیت اداکار منوایا۔

طویل کیریئر کے دوران روی کمار نے 100 سے زائد ملیالم اور تامل فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے متعدد ٹی وی سیریلز میں بھی نمایاں کردار ادا کیے۔ ان کے لازوال کام نے انہیں جنوبی بھارت کی فلم انڈسٹری میں ایک اہم مقام عطا کیا۔

روی کمار کی آخری رسومات ہفتہ کے روز چنئی میں ان کی رہائش گاہ پر ادا کی جائیں گی، جہاں اہل خانہ، دوست احباب اور مداح انہیں الوداع کہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں