طلال چوہدری کا علی امین گنڈاپور کی دھمکی پر ردعمل: “کے پی حکومت کے گزشتہ 13 سال کا حساب دیں”

طلال چوہدری کا علی امین گنڈاپور کی دھمکی پر ردعمل: "کے پی حکومت کے گزشتہ 13 سال کا حساب دیں" 0

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی وفاق کو دھمکی پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ گنڈاپور کے پی حکومت کے گزشتہ 13 سال کا حساب دیں، پی ٹی آئی کے اپنے لوگوں نے اربوں روپے کھائے ہیں۔

گزشتہ روز، اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اس مہینے کے آخر تک این ایف سی میں طے شدہ معاملات حل نہ ہوئے تو وہ خیبر پختونخوا کے عوام، پولیس اور سرکاری افسران کو ساتھ لے کر وفاق کے خلاف احتجاج کریں گے۔ اس بیان کے جواب میں طلال چوہدری نے کہا کہ وفاق نے خیبرپختونخوا کو اس کے حصے سے زیادہ پیسے دیے ہیں اور اب گنڈاپور کو اپنے گزشتہ 13 سالوں کی کارکردگی کا حساب دینا ہوگا۔

طلال چوہدری نے پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات کے بارے میں کیے گئے بیان پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ “یہ اپنے آپ سے باتیں کر رہے ہیں، ہم ان سے بات نہیں کر رہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ “نافرمان اولاد کو ایک مرتبہ عاق کر دیا جائے تو اس سے تعلقات دوبارہ نہیں بحال ہوتے، پی ٹی آئی کی مذاکرات کی باتیں خود کلامی ہیں، مذاکرات اسی پارلیمنٹ میں ہوں گے جہاں سے یہ نکلے تھے۔”

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی پالیسی افغانستان کے ساتھ پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ ملک کی حکومتی پالیسی کے تحت چل رہی ہے۔ طلال چوہدری نے واضح کیا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات پاکستان کی پالیسی کے مطابق ہوں گے، نہ کہ پی ٹی آئی کے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں