نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں 43 رنز سے شکست دے کر ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ کیویز نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے تمام شعبوں میں گرین شرٹس کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 50 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ عبداللہ شفیق اور طیب طاہر نے 33،33 رنز بنائے اور جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ امام الحق کی جگہ بیٹنگ کرنے والے عثمان خان 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ سلمان علی آغا 11 رنز بنا کر پویلین واپس چلے گئے۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے۔ اوپنر رائس ماریو نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے، جبکہ مائیکل بریسویل نے چھ چھکوں کی مدد سے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے عاکف جاوید نے چار وکٹیں حاصل کیں، نسیم شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سفیان مقیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔