کراچی: صدر مملکت آصف علی زرداری کی صحت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے۔ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین کے مطابق، عید کے روز صدر زرداری نے بخار کی شکایت کی تھی اور پیر کو انہیں کراچی منتقل کیا گیا تھا جہاں مختلف طبی ٹیسٹ کیے گئے۔ ان ٹیسٹ کے بعد کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
ڈاکٹر عاصم حسین نے بتایا کہ صدر آصف زرداری کو فوری طور پر آئسولیشن میں رکھا گیا تھا اور اب ان کی طبیعت میں نمایاں بہتری آچکی ہے۔ امید ہے کہ انہیں ایک یا دو روز میں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔
سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے بھی صدر زرداری کی صحت میں بہتری کی تصدیق کی اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کو کسی سے ڈرنے یا چھپنے کی ضرورت نہیں، اگر وہ جوائنٹ سیشن میں بیان دے سکتے ہیں تو جلسوں میں بھی شرکت کرسکتے ہیں۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ صدر کی صحت پر سیاست کی جارہی ہے اور اس معاملے کو غیر ضروری طور پر اُٹھایا جا رہا ہے۔