سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئندہ آنے والے بجٹ میں عوام کو مزید خوشخبریاں دی جائیں گی۔ سیالکوٹ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب ہمیں اقتدار ملا تو ملک کی حالت کھنڈر جیسی تھی، لیکن ہم نے اسی ملبے پر ترقی کی عمارت تعمیر کرنے کی کوشش کی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف دن رات ملک کے لیے جدوجہد کرتے رہے، کبھی چین گئے، کبھی سعودی عرب، اور کبھی آئی ایم ایف سے مذاکرات کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہر رات یہ خوف ہوتا تھا کہ آئی ایم ایف ہمارا ہاتھ پکڑے گا یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج حالات بہتر ہو رہے ہیں، بجلی کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، اور معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ اب وہ خود ایک دوسرے کو چور کہنے لگے ہیں، ان کا لیڈر بھی سند یافتہ چور ہے۔ بیرون ملک موجود کچھ پی ٹی آئی رہنما ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ملک تباہی کے دہانے پر تھا، لیکن پی ڈی ایم کی حکومت نے تمام مشکلات کے باوجود عوام کو امید کی کرن دکھائی۔ انہوں نے مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہی ہیں، جب نواز شریف، مریم نواز اور شہباز شریف عملی سیاست میں سرگرم ہوں گے تو ترقی کا سفر مزید تیز ہوگا۔
وزیر دفاع نے دہشت گردی کے مسئلے پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فوجی جوان روز شہید ہو رہے ہیں، عید کے دن بھی وہ سرحدوں کی حفاظت کر رہے تھے۔ خواجہ آصف نے اپنی قید کے دن یاد کرتے ہوئے کہا کہ چھ ماہ قید میں ملاقات بھی بند تھی، لیکن آج بعض افراد کو جیل میں تمام سہولیات حاصل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے لیڈران خود اپنی جماعت کے ٹکڑے کر رہے ہیں، ان کے اپنے گھر والے انہیں ووٹ نہیں دیتے۔ وزیر دفاع نے خطاب کے اختتام پر کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے اور بجٹ میں عوام کے لیے مزید ریلیف لایا جائے گا۔