پی ٹی آئی میں اختلافات، عاطف خان کا علی امین گنڈاپور کے بیان کی تحقیقات کا مطالبہ

علی امین گنڈا پور اور عاطف خان کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے 0

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما عاطف خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ان کے خلاف کوئی بیان دیا ہے تو اس کی باقاعدہ تصدیق ہونی چاہیے۔

اپنے بیان میں عاطف خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو صوبے کی گورننس اور امن و امان پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے نہ کہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے خلاف بیانات دینے چاہیے۔ انہوں نے اسد قیصر اور شکیل خان جیسے اہم رہنماؤں کے خلاف علی امین گنڈاپور کے الزامات کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے بیانات پارٹی میں دراڑیں ڈال سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ کو ان سے کوئی اختلاف ہے تو وہ ذاتی طور پر بات کریں، لیکن پارٹی کے سینئر اراکین کے خلاف کھلے عام باتیں کرنا مناسب نہیں۔ عاطف خان نے زور دیا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے تمام رہنماؤں کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، نہ کہ ایسے بیانات دے کر کوششوں کو سبوتاژ کیا جائے۔

قبل ازیں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شہرام ترکئی نے بھی مرکزی قیادت سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیان کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے بیانات سے پارٹی کو نقصان ہو سکتا ہے۔ شہرام ترکئی نے کہا کہ گنڈاپور نے بعض رہنماؤں پر سازشوں کے الزامات لگائے، جو نامناسب ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کو چاہیے کہ وہ اپنی توانائی صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور اچھی حکمرانی پر صرف کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں