پشاور : خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عاطف خان کے درمیان پارٹی اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے واٹس ایپ گروپ میں دونوں رہنماؤں کے درمیان طنزیہ جملوں کا تبادلہ ہوا، جس نے پارٹی میں اختلافات کی نئی لہر کو جنم دیا ہے۔
گروپ چیٹ میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے عاطف خان کی سابقہ خراب کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے طنز کیا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر عہدے سے ہٹایا گیا تھا، اور اب دوبارہ صدر پشاور ریجن بننے پر تنقیدی تبصرہ بھی کیا۔ اس کے برعکس، گروپ میں موجود دیگر ارکان نے عاطف خان کو مبارکباد دی، تاہم عاطف خان نے وزیراعلیٰ کی تنقید کا کوئی جواب نہ دیتے ہوئے خاموشی اختیار کی۔
بعد ازاں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاطف خان نے تصدیق کی کہ ان کے اور وزیراعلیٰ کے درمیان اختلافات موجود ہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں خصوصاً اسد قیصر اور دیگر کے خلاف بیان بازی مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو گورننس اور امن و امان کی صورتحال پر توجہ دینی چاہیے۔
عاطف خان کا مزید کہنا تھا کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہمارے خلاف کوئی بیان دیا ہے تو اس کی باقاعدہ تصدیق ہونی چاہیے، تاکہ معاملات کو شفاف انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔