ممبئی – سری لنکا سے تعلق رکھنے والی بالی وڈ کی معروف اداکارہ جیکولین فرنینڈس کی والدہ کِم فرنینڈس ہفتے کی شب ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں انتقال کر گئیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، انہیں 24 مارچ کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد سے وہ اسپتال میں زیر علاج تھیں۔
اداکارہ جیکولین اپنی والدہ کے آخری ایام میں ان کے ساتھ موجود تھیں۔ والدہ کی بیماری کے باعث انہوں نے گزشتہ ماہ ہونے والی آئی پی ایل کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے سے معذرت بھی کی تھی۔
کِم فرنینڈس کا تعلق ملائیشین اور کینیڈین نژاد خاندان سے تھا، انہوں نے بحرین میں ایک ائیر ہوسٹس کے طور پر کام کیا، جہاں 1980 کی دہائی میں ان کی ملاقات سری لنکن شہری ایلروئے فرنینڈس سے ہوئی۔
جیکولین فرنینڈس 1985 میں پیدا ہوئیں اور وہ اپنے والدین کے چار بچوں میں سب سے چھوٹی ہیں۔ ان کے دو بھائی اور ایک بہن بھی ہیں۔
یاد رہے کہ جیکولین نے بالی وڈ میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2009 میں سوجوئے گھوش کی فلم الہ دین سے کیا، جو ایک فینٹسی ایکشن کامیڈی فلم تھی۔ اس کے بعد وہ متعدد کامیاب فلموں میں جلوہ گر ہوچکی ہیں۔