نیہا ککڑ کا آسٹریلیا میں کنسرٹ میں تاخیر سے پہنچنے کی وجہ بیان، مداحوں سے معافی

0

بالی وڈ کی معروف گلوکارہ نیہا ککڑ نے آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں ہونے والے کنسرٹ میں تین گھنٹے تاخیر سے پہنچنے کی وضاحت دے دی۔ اسٹیج پر آتے ہی انہوں نے مداحوں سے معذرت کی اور جذباتی ہو کر رو پڑیں۔

کنسرٹ میں تاخیر پر کچھ شائقین نے “واپس جاؤ” اور “رونے کا ڈرامہ بند کرو” جیسے نعرے بھی بلند کیے۔ کراؤڈ میں موجود کچھ افراد نے کہا کہ “یہ انڈیا نہیں، آسٹریلیا ہے”، جبکہ ایک مداح نے نیہا سے کہا “واپس ہوٹل جا کر آرام کرو”۔
نیہا ککڑ کا آسٹریلیا میں کنسرٹ میں تاخیر سے پہنچنے کی وجہ بیان، مداحوں سے معافی

بھارتی میڈیا کے مطابق نیہا ککڑ نے انسٹاگرام پر وضاحت دیتے ہوئے تاخیر کی اصل وجہ بتائی اور تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا:

“لوگوں نے کہا کہ میں تین گھنٹے تاخیر سے پہنچی، لیکن کسی نے یہ نہیں پوچھا کہ میرے اور میرے بینڈ کے ساتھ کیا ہوا؟ میں نے خاموشی اختیار کی کیونکہ میں کسی اور کو قصوروار ٹھہرانا نہیں چاہتی تھی، مگر جب میرا نام خراب کیا جا رہا ہے تو مجھے سچ بولنا پڑ رہا ہے۔”

نیہا ککڑ نے انکشاف کیا کہ کنسرٹ کی انتظامیہ ان کے معاوضے کی رقم لے کر بھاگ گئی اور ان کے بینڈ ممبرز کو ہوٹل کی سہولت، کھانے اور پانی تک سے محروم رکھا گیا۔

“اس سب کے باوجود میں اپنے مداحوں کے لیے اسٹیج پر آئی کیونکہ وہ میرے لیے گھنٹوں انتظار کر رہے تھے”۔

گلوکارہ نے مزید بتایا کہ کنسرٹ کے لیے ساؤنڈ چیک والا بھی کئی گھنٹوں کی تاخیر سے پہنچا، جس کی وجہ سے مزید مشکلات پیش آئیں۔

نیہا ککڑ نے کہا کہ ان کے ساتھ جو ہوا، وہ سب کو بتانے کے لیے بہت کچھ ہے، لیکن وہ اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتی ہیں، جو مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں